سابق وفاقی وزیر چوہدری لیاقت عباس بھٹی قتل کیس میں اہم پیشرفت، خیبرپختونخوا سے 3 ملزمان گرفتار
پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی دو گاڑیاں اور اسلحہ برآمد کرلیا، سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا گیا، دیگر ملزمان کی گ
پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی دو گاڑیاں اور اسلحہ برآمد کرلیا، سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا گیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری
گوجرانوالہ (الفجر آن لائن) سابق وفاقی وزیر چوہدری لیاقت عباس بھٹی کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے خیبرپختونخوا سے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی دو گاڑیاں اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر کے مطابق پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔ گرفتار کیے گئے تینوں ملزمان ریکارڈ یافتہ اور اشتہاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قتل میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں اور کسی ملزم کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
خرم شہزاد حیدر کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تفتیش کے ذریعے ملزمان تک رسائی ممکن ہوئی ہے، جبکہ کیس میں ملوث دیگر افراد کو بھی جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ حافظ آباد میں رہائش پذیر سابق وفاقی وزیر چوہدری لیاقت عباس بھٹی کو 18 اور 19 نومبر کی درمیانی شب ڈکیتی کے دوران گلا دبا کر قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس نے مقتول کے بھتیجے اور رکن پنجاب اسمبلی ضمیر الحسن بھٹی کی مدعیت میں چار نامزد ملزمان سمیت 11 افراد کے خلاف قتل اور ڈکیتی کا مقدمہ درج کیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے چوہدری لیاقت عباس بھٹی کو رسیوں سے باندھ کر گلا دبایا اور قتل کے بعد گھر سے 20 لاکھ روپے نقدی، 50 تولے سونے کے زیورات، اے ٹی ایم کارڈ اور قیمتی دستاویزات لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔ ملزمان مقتول کی پراڈو، لینڈ کروزر اور ویگو ڈالا گاڑیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔
مقدمے میں زاہد علی اور فرحان علی سمیت دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، جن کا تعلق ضلع صوابی سے بتایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
چوہدری لیاقت عباس بھٹی مسلم لیگ (ق) کے دورِ حکومت میں وفاقی وزیر رہ چکے تھے۔ وہ دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی اور ایک مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ سابق ارکان قومی اسمبلی مہدی حسن بھٹی کے بھائی اور شوکت علی بھٹی کے چچا تھے، جبکہ رکن قومی اسمبلی انیقہ مہدی حسن اور رکن پنجاب اسمبلی ضمیر الحسن بھٹی کے بھی چچا تھے۔




