وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں این ٹی سی ڈیٹا سینٹر کا افتتاح کردیا
بلوچستان میں پہلے ڈیٹا سینٹر کا قیام ڈیجیٹل ترقی کی جانب اہم پیش رفت ہے، سرکاری محکموں کا ڈیٹا ڈیجیٹلائز کرکے محفوظ بنایا جائے گا، سرکاری معلومات کے تحفظ کے لیے
بلوچستان میں پہلے ڈیٹا سینٹر کا قیام ڈیجیٹل ترقی کی جانب اہم پیش رفت ہے، سرکاری محکموں کا ڈیٹا ڈیجیٹلائز کرکے محفوظ بنایا جائے گا، سرکاری معلومات کے تحفظ کے لیے اعلیٰ ترین سیکیورٹی معیار یقینی بنانے کی ہدایت، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کے ڈیٹا سینٹر کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں پہلے ڈیٹا سینٹر کا قیام صوبے کی ڈیجیٹل ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کے قیام پر وفاقی حکومت اور این ٹی سی کی کاوشوں کو سراہا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دنیا تیزی سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس، جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن کی جانب بڑھ رہی ہے اور حکومت بلوچستان بھی صوبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پہلی مرتبہ میرٹ کے فروغ کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے کا مؤثر راستہ میرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے سے ہوکر گزرتا ہے۔ ہماری نسل نے تختی سے ٹیبلٹ تک کا سفر دیکھا ہے اور ٹیکنالوجی نے مختصر عرصے میں دنیا کو تبدیل کردیا ہے، اس لیے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نظام سے استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایت کی کہ این ٹی سی اور وفاقی حکومت کے ساتھ قریبی اشتراکِ عمل قائم کیا جائے اور بلوچستان حکومت کے تمام محکموں کا ڈیٹا ڈیجیٹلائز کرکے محفوظ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری معلومات اور دفتری رابطوں کی قومی سلامتی کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت ہے، لہٰذا سرکاری ڈیٹا کی حفاظت کے لیے اعلیٰ ترین سیکیورٹی معیار یقینی بنایا جائے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ میں ڈیٹا سینٹر کی موجودگی بلوچستان کے لیے ایک اہم موقع ہے اور صوبائی حکومت این ٹی سی کے ساتھ ڈیجیٹل تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے۔ اس مقصد کے لیے پاکستان میں قائم دیگر ڈیٹا سینٹرز کے ساتھ بھی اشتراکِ عمل بڑھایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل گورننس اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سرکاری اداروں کی استعداد کار اور عوامی خدمات کا معیار بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ حکومت بلوچستان ڈیجیٹلائزیشن، ادارہ جاتی اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔
https://youtu.be/dvx6ZtmZI0I





