بلوچستان کو کوئی نہیں توڑ سکتا، پاکستان تا قیامت قائم و دائم رہے گا، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی
28ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے، ملکی سالمیت اور قومی یکجہتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں
28ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے، ملکی سالمیت اور قومی یکجہتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، دہشت گردی اور ریاست مخالف سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو کوئی نہیں توڑ سکتا اور پاکستان تا قیامت قائم و دائم رہے گا۔ بلوچستان پاکستان کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے اور ملکی سالمیت و قومی یکجہتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے یہ بات 28ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی چاہے مذہب کے نام پر ہو یا قوم پرستی کے نام پر، کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے اور دہشت گردی کی وکالت کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے لیے مرد یا عورت ہونے کی کوئی رعایت نہیں ہوگی اور قانون کا اطلاق بلاامتیاز کیا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آئین پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، لیکن یہی آئین ریاست سے غیر مشروط وفاداری کا درس بھی دیتا ہے۔ پرامن احتجاج اور ریاست کے خلاف مسلح کارروائی دو مختلف معاملات ہیں، جنہیں ایک ہی تناظر میں نہیں دیکھا جاسکتا۔ بلوچستان میں غیر متوازن ترقی کو دہشت گردی، تشدد یا علیحدگی پسندی کا جواز نہیں بنایا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو اس کی تاریخ، سماجی حالات اور زمینی حقائق کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ حقائق کو مسخ کرکے احساس محرومی کا بیانیہ تشکیل دینے اور تشدد کا جواز تلاش کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں، تاہم حکومت کی ترجیح عام بلوچستانی شہری کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے، جو گرمی میں جھلستا اور سردی میں ٹھٹھرتا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گورننس میں بہتری، عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ آج بلوچستان کے غریب محنت کش کا بچہ بھی ایچی سن اور لارنس کالج سمیت پاکستان کے بڑے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ بلوچستان کے ہر بچے کو معیاری تعلیم اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آئیں۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بیرون ملک بیٹھے پاکستان مخالف عناصر منظم انداز میں بلوچستان کے نوجوانوں کی منفی ذہن سازی کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا حصہ بنانے اور ریاست کے خلاف اکسانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ بلوچستان کے نوجوان پروپیگنڈے اور حقائق میں فرق سمجھیں اور منفی ذہن سازی کرنے والے عناصر کے عزائم کو پہچانیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کا مستقبل تعلیم، ترقی، امن اور قومی دھارے میں مثبت کردار ادا کرنے میں ہے۔ حکومت ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر تکمیل اور سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کررہی ہے۔ بلوچستان کے عوام نے امن کے قیام اور ترقی کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے 28ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کو صوبے کے ترقیاتی منصوبوں، گورننس اصلاحات اور مجموعی صورتِ حال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
https://youtu.be/Lo5ICduMfis





