پاکستان کی ضروریات مقدم، دفاع اور قومی سلامتی کے لیے بلوچستان کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، سرفراز بگٹی
عوامی فلاح کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر اور بیوروکریٹک رکاوٹیں برداشت نہیں کی جائیں گی، نواں کلی اسپورٹس کمپلیکس ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت، نوجوانوں کو ک
عوامی فلاح کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر اور بیوروکریٹک رکاوٹیں برداشت نہیں کی جائیں گی، نواں کلی اسپورٹس کمپلیکس ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت، نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرکے منفی سرگرمیوں سے دور رکھنا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ضروریات ہمیشہ مقدم ہیں اور ملک کے دفاع، قومی سلامتی اور استحکام کے لیے بلوچستان اپنے وسائل اور ضروریات میں سے حصہ دینے سمیت کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر، سرخ فیتے اور بیوروکریٹک رکاوٹیں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پی بی 29 نواں کلی میں اسٹیٹ آف دی آرٹ میر سرفراز بگٹی اسپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے خلاف جنگ لڑی ہے، جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کو بھی پیچیدہ سیکیورٹی صورتِ حال کا سامنا ہے۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں، جنہیں حکومت بلوچستان اور صوبے کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے بلوچستان کسی بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ عموماً ایسے منصوبوں کی افتتاحی تقریبات میں شرکت کو ترجیح دیتے ہیں جو مکمل ہوچکے ہوں، تاہم نواں کلی اسپورٹس کمپلیکس گزشتہ چھ سے سات ماہ سے زمین کے مسائل اور انتظامی و بیوروکریٹک رکاوٹوں کے باعث تاخیر کا شکار تھا، جس کے پیش نظر انہوں نے خود سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کا فیصلہ کیا تاکہ تمام رکاوٹیں دور کرکے تعمیراتی کام کا فوری آغاز یقینی بنایا جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے کمشنر کوئٹہ کو منصوبے کی ٹاسک فورس کا سربراہ مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔ انہوں نے سیکریٹری کھیل اور سیکریٹری مواصلات و تعمیرات کو منصوبے کی مالیاتی تخصیص میں اضافہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مطلوبہ فنڈز فراہم کرے گی، تاہم منصوبہ ایک سال کے اندر مکمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کام میں غفلت یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کھیلوں کے میدان آباد کرکے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارا اور انہیں منفی سرگرمیوں سے دور رکھا جاسکتا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں، تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آئیں۔
انہوں نے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی عوامی خدمات اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مختلف ذمہ داریاں پوری لگن اور احساس ذمہ داری کے ساتھ نبھائی ہیں۔ کوئٹہ کے ٹراما سینٹر، سول ہسپتال، باچا خان ہسپتال، مفتی محمود ہسپتال اور دیگر طبی اداروں سے متعلق انہیں سونپی گئی ذمہ داریوں پر ان کی کارکردگی قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے بخت محمد کاکڑ کو متحرک اور محنتی عوامی نمائندہ قرار دیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت کو مالیاتی مشکلات اور متعدد قومی و صوبائی ذمہ داریوں کا سامنا ہے، تاہم عوامی ترقی اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے وسائل کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام علاقوں کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی دہشت گردی کے خلاف جس عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ کھڑے ہیں، وہ ان کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود، صوبے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں، انہیں فخر ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کی ٹیم کا حصہ ہیں اور عوامی خدمت کے مشن میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔
بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ جب بھی عوامی مشکلات اور ضروریات وزیراعلیٰ کے سامنے رکھی گئیں، انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کیے۔ ان کی قیادت میں صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو عملی شکل دینے کے لیے کام کررہی ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ بلوچستان کو دہشت گردی سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم امن و استحکام اور صوبے کی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ نے واضح عزم کا اظہار کیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت اور عوام ایک صفحے پر ہیں اور صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ نواں کلی میں جدید اسپورٹس کمپلیکس کا قیام نوجوانوں کے لیے اہم سہولت ثابت ہوگا، جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع میسر آئیں گے۔
بخت محمد کاکڑ نے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا عوامی خدمت کے لیے تعاون اور سرپرستی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے اور بلوچستان کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا اور منصوبے کی کامیابی و تکمیل کے لیے دعا بھی کی۔
https://youtu.be/q9MfKwUeQgo?si=HPzHp9iPEc4Hp7vd





